ڈی أئ جی جیل خانہ جات اسلم ملک مختلف
بیرکوں کا وزٹ کر رہے ہیں
سکھر: ڈی آئی جی جیل خانہ جات سکھر ریجن، سکھر کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات سکھر ریجن محمد اسلم ملک نے عید الفطر کے دوسرے اور تیسرے روز سینٹرل جیل و اصلاح گھر سکھر، خیرپور، لاڑکانہ اور ڈسٹرکٹ جیل شکارپور کے اچانک دورے کیے اور وہاں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سمیت مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈی آئ جی جیل خانہ جات اسلم ملک قیدیوں
سے ملاقات کر رہے ہیں


اعلامیہ کے مطابق دوروں کے دوران ڈی آئی جی نے عید کے موقع پر قیدیوں کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات کا معائنہ کیا جن میں بہتر خوراک، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات اور اہل خانہ سے ملاقات کے انتظامات شامل تھے۔ انہوں نے ان اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کی ہدایت بھی جاری کی۔ انہوں نے جیلوں میں جاری مرمت و بحالی (ایم اینڈ آر) کے ترقیاتی کاموں کا بھی بغور جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے اعلیٰ معیار، شفافیت اور مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ اس موقع پر بیرکوں، کچن (باورچی خانہ) اور جیل ہسپتالوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا تاکہ صفائی، خوراک اور طبی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ محمد اسلم ملک نے مختلف بیرکوں کا دورہ کرتے ہوئے قیدیوں سے براہِ راست ملاقات کی، ان کے مسائل اور شکایات سنی اور موقع پر ہی ان کے حل کے لیے ضروری احکامات جاری کیے۔

(باورچی خانہ) اور جیل ہسپتال کا تفصیلی معائنہ 

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قیدیوں کے ساتھ انسانی ہمدردی، وقار اور عزتِ نفس کا خیال رکھا جائے کیونکہ جیلیں اصلاحی ادارے ہیں۔ ڈی آئی جی سکھر ریجن نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ قیدیوں کی خوراک، صحت، صفائی اور فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کو محفوظ، باوقار اور بہتر ماحول فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے جس کی ادائیگی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جیلوں کے اصلاحی نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری اقدامات کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔
بیوروچیف زاہد شیخ