ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل کا تاریخی جنرل لائبریری کا دورہ


 ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل نے میونسپل کارپوریشن کی حدود میں واقع شہر کی قدیمی اور تاریخی جنرل لائبریری کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے لائبریری کے لائبریرین سے ملاقات کی اور ادارے کی مجموعی صورتحال، درپیش مسائل اور دستیاب سہولیات سے آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ جنرل لائبریری کا قیام 1837ء میں عمل میں آیا تھا اور یہ ادارہ گزشتہ ڈیڑھ صدی سے زائد عرصے سے سکھر میں علم، ادب اور تحقیق کا اہم مرکز رہا ہے، تاہم طویل عرصے سے توجہ نہ ملنے کے باعث عمارت خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے اور فوری مرمت و تزئین و آرائش کی ضرورت ہے. ڈپٹی میئر نے لائبریری کی عمارت، ریڈنگ ہال اور دیگر حصوں کا بغور جائزہ لیا اور وہاں موجود قدیم اور نایاب کتابوں کا بھی مشاہدہ کیا جن میں مختلف موضوعات پر سینکڑوں کتب شامل ہیں۔ انہیں آگاہ کیا گیا کہ ماضی میں یہ لائبریری سکھر کی سماجی اور ادبی سرگرمیوں کا مرکز رہی ہے اور اس کے انتظامی امور معروف شخصیات سرانجام دیتی رہی ہیں، جن میں سندھ اسمبلی کے پہلے اسپیکر دیوان بھوج سنگھ جی پاہلجانی کا نام نمایاں ہے، جنہوں نے طویل عرصے تک اس ادارے کی خدمات انجام دیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر ارشد مغل نے کہا کہ جنرل لائبریری سکھر صرف ایک عمارت نہیں بلکہ شہر کا قیمتی علمی ورثہ ہے، جس کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ لائبریری کی بحالی، مرمت اور بہتری کے تمام کام جلد از جلد شروع کروائے جائیں گے تاکہ اس تاریخی ادارے کو دوبارہ فعال بنا کر طلبہ، محققین اور علم دوست شہریوں کے لیے ایک مؤثر علمی مرکز کی صورت میں پیش کیا جا سکے۔

بیورو چیف سکھر زاہد شیخ